کراچی (اسٹاف رپورٹر ) فائر بریگیڈ محکمے کی گاڑیوں اور اسنارکلز کی خریداری کے حوالے سے تمام ٹی اوآرز اور دستاویزی کاروائی مکمل ،وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیرصدارت محکمہ بلدیات سندھ کے دفتر میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کی سالانہ ترقیاتی ا سکیموں کے حوالے سےاجلاس منعقد کیا گیاجس میں مئیر سکھر ارسلان شیخ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ، اسپیشل سیکرٹری چراغ الدین ہنگورو، اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید محمد طحٰہ، سیکرٹری پروکیورمنٹ کمیٹی وسیم احمد، پراجیکٹ ڈائریکٹر ملیر ایکسپریس وے نیاز سومرو، پراجیکٹ ڈائریکٹر کلک زبیر چنہ سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی مسعود عالم ڈائریکٹر کے ایم سی مشیر احمد اور ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسد اللہ خان بھی موجود تھے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ نے وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فائر بریگیڈ محکمے کی گاڑیوں اور اسنارکلز کی خریداری کے حوالے سے تمام ٹی اوآرز اور دستاویزی کاروائی مکمل کرلی گئی ہے اور تمام پراسس میں شفافیت کو خصوصی طور پر مد نظر رکھا گیا ہےوزیر بلدیات سندھ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی ہدایات کے مطابق ٹینڈرزکے کھلنے کا مرحلہ کسی بھی صورت تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہئے اور آغاز تا اختتام تما م مراحل کے دوران کسی بھی طرح کی قانونی پیچیدگی یا سقم نہیں آنا چاہیےانہوں نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو اسنارکلز اور فائر ٹینڈرز کی خریداری کے حوالے سے تاخیر کی وجوہات جاننے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ تمام اداروں میں ترقیاتی کاموں اور دیگر معاملات میں شفافیت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور فائر ٹینڈر اور اسنارکلز کی خریداری سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل بروقت عمل میں آنی چاہئے۔بعد ازااں وزیر بلدیات نے مالی سال 2020-2021کے حوالے سے ترقیاتی اسکیموں کے اجرا اور ان کے تکمیل کے موضوع پر ایک اور اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبائی وزیر کے استفسار پر ان کو بتایا گیا کہ مالی سال 2020-2021میں 97 ترقیاتی اسکیمیں اپنا تکمیلی سفر مکمل کرلیں گی جن میں واٹر اینڈ سیوریج کی پچیس، سڑکوں کے حوالے سے تریسٹھ اسکیمیں رکھی گئی ہیں۔ ان اسکیموں کے علاوہ چھہ میگا اسکیمیں بھی مالی سال کا حصہ ہوں گی اور فی الوقت تین بڑے منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں ۔