• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، شروع میں مثبت نتائج کم اب بہت زیادہ ہیں، ڈاکٹرز

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے کووڈ-19 کی آگہی مہم میں تین سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز نے میڈیکل یونیورسٹیز کے تمام تدریسی عمل آن لائن ہوجانے کے بعد میڈیکل کے طلبہ کی عملی تربیت اور امتحانی طریقہ کار سمیت دیگر مسائل پر گفتگو کی۔ وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر سید قریشی، وائس چانسلر لیاقت یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز پروفیسر بھیکارام دیوراجانی اور وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔۔موڈریٹر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ فیملی میڈیسن کی پروفیسر میری اینڈریڈز تھیں۔وائس چانسلر جے ایس ایم یو پروفیسر سید محمد طارق رفیع جو کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی مشاورتی کمیٹی کے رکن بھی ہیں، نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں میڈیکل یونیورسٹی کے مسائل دیگر جامعات سے مختلف ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق تمام ٹیچنگ بذریعہ کمپیوٹر شروع کر دی گئی ہے مگر میڈیکل کے طلبہ کی لازمی عملی تربیت کمپیوٹر کے ذریعے نہیں کروائی جا سکتی۔انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانات لینے کے لیے بھی صرف گھر بیٹھے آن لائن امتحان کا راستہ کھلا ہے کیونکہ احتیاطی تدابیر کی روشنی میں کم تعداد میں بھی طلباء کو کیمپس میں جمع نہیں کیا جاسکتا۔پروفیسر سعید قریشی وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے بتایا کہ۔ ڈاؤ یونیورسٹی کی لیب میں زیر استعمال کووڈ-19 ٹیسٹ کٹس کوریا سے درآمد شدہ ہیں۔شروعات میں مثبت نتائج کی شرح 5 سے 8 فیصد تھی جبکہ اب بتدریج بڑھ رہی ہے۔

تازہ ترین