• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی گلوکارہ شیرکرکٹ کے دنوں سے ہی عمران خان کی مداح

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھرسے کاون نامی ہاتھی کی منتقلی کیلئے آوازاٹھانے والی امریکی گلوکارہ شیرکا کہنا ہے کہ وہ کرکٹ کے دنوں سے ہی عمران خان کی مداح رہی ہیں۔ ٹوئٹرپروزیراعظم کے نام اپنے پیغام میں پاپ سنگرنے لکھا کہ میں تب سے آپ کی مداح ہوں ، جب آپ کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔ میں ہمیشہ سوچتی تھی کہ آپ بہت مہربان دکھتے ہیں۔پاکستانی عدالت کی جانب سے کاون کی آزادی کے احکامات پر انتہائی خوشی کا اظہار کرنے والی شیر نے مزید لکھا کہ آپ کی مدد کا بیحد شکریہ، یہ ایک خواب تھا جو پورا ہوا۔ 1985 سے چڑیا گھر میں موجود نرہاتھی کاون اپنی مادہ سہیلی کی موت کے بعد سے تنہائی کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور گزشتہ کئی سال سے اس کے تحفظ کیلئے انٹرنیشنل اور ملکی سطح پر مہم چلائی جاتی رہی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی گلوکارہ اور دیگر کی جانب سے چلائی جانے والی ہائی پروفائل مہم کے بعد 21مئی کو مرغزارچڑیا گھرمیں موجود ہاتھی کاون سمیت دیگرجانوروں کی 2 ماہ کے اندرمحفوظ پناہ گاہوں میں منتقلی کا حکم دیا تھا۔عمران خان کے علاوہ شیر نے وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیرمملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کا بھی شکریہ ادا کیا۔کاون کے حق میں آواز اٹھانے والوں میں پیش پیش امریکی گلوکارہ شیرنے عدالتی فیصلے کے بعد ٹوئٹر پرخوشی کا اظہارکرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’میں حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں ‘‘۔امریکی گلوکارہ نے اسلام آباد کے میئرکو ایک خط لکھ کرکہا تھا کہ کاون کو ہمیں دے دیں، کمبوڈیا میں اس کا علاج معالجہ کرایا جائے گا کیونکہ اس کی ذہنی بیماری بڑھتی جارہی ہے۔ کاون کوکمبو ڈیا لے جانے کیلئے ساراخرچ ہماری تنظیم ’’فری دی وائلڈ ‘‘ برداشت کرے گی۔مرغزار کے چڑیا گھر میں موجود 38 سالہ کاون کے حق میں فیصلہ آنے میں 5 سال کا عرصہ لگا۔

تازہ ترین