• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کم سن ملازمہ کے قتل پر فنکار طیش میں آگئے

گزشتہ روز راولپنڈی میں مالکان کے تشدد سے قتل ہونے والی آٹھ سالہ گھریلو ملازمہ زوہرا شاہ کے واقعے پر پاکستانی فنکاروں کی جانب سے شدید غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ماہرہ خان نے مالکان کے ہاتھوں تشدد کے بعد جاں بحق ہونے والی زوہرا شاہ کی موت پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’شیطان آزادانہ طور پر ہمارے ہی درمیان گھوم رہے ہیں۔‘

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا اکرم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’جس کسی بھی شخص کے گھر میں ملازم یا ملازمہ کی عُمر 14سال سے کم ہے اور وہ اُن کے بچوں کے برابر ہیں تو آپ کو قانون توڑنے کے بجائے اُن کا بھی اُسی طرح خیال رکھنا چاہیے جیسے وہ آپ کا رکھتے ہیں۔‘

شنیرا اکرم نے کہا کہ ’اگر آپ واقعی اُن کی دیکھ بھال کرنا چاہتے ہیں توگھر کے کام کے بجائے اُن کو تعلیم دلوائیں۔‘

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی زوہرا شاہ واقعے پر افسردگی کا اظہار کیا۔

معروف اداکارہ و میزبان وینا ملک نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’مجھے اپنے معاشرے کی ناقص حالت دیکھتے ہوئے بہت زیادہ دُکھ ہوتا ہے۔‘

وینا ملک نے کہا کہ ’کاش میں ان مظلوموں کا دُکھ درد دور کرسکتی اور ظالموں کو اُن کے انجام تک پہنچا سکتی۔‘

نامور اداکارہ ارمینہ خان نے بھی زوہرا شاہ کے انصاف کے لیے آواز اُٹھاتے ہوئے ٹوئٹ کیا۔

یاد رہے کہ پولیس کے مطابق گھر کی صفائی کے دوران جب زوہرا شاہ طوطے کا پنجرہ صاف کر رہی تھی تو اُسی دوران زوہرا سے غلطی سے اپنے مالکان کے دو طوطے اُڑ گئے تھے جس کے بعد اُس کے مالکان نے اُسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زوہرا شاہ انتقال کر گئی۔

تازہ ترین