• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم فیسٹیول کانز کیلئے 56 فلموں کی نامزدگی کا اعلان

کانز(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کا اعزاز رکھنے والے فرانسیسی فلم فیسٹیول کانز کی انتظامیہ نے رواں سال کے میلے کے لیے 56 فلموں کی نامزدگی کا اعلان کردیا۔حیران کن طور پر انتظامیہ نے کانز فلم فیسٹیول کو منعقد کرنے یا نہ کرنے سے متعلق واضح طور پر اب تک کوئی اعلان نہیں کیا۔تاہم انتظامیہ نے فیسٹیول کو پہلی بار منفرد صورت میں منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نامزد کی جانے والی فلموں کی فہرست کا اعلان کردیا۔رواں سال یہ فیسٹیول 12 سے 23 مئی کے درمیان ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اسے جون یا جولائی تک منسوخ کردیا گیا تھا لیکن اپریل میں انتظامیہ نے وضاحت کی تھی کہ ممکنہ طور پر فیسٹیول جون یا جولائی میں بھی منعقد نہیں ہوسکے گا۔تاہم اب فلم فیسٹیول انتظامیہ نے حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے رواں سال کے میلے کے لیے نامزد کی گئی 56 فلموں کا اعلان کردیا۔کانز فلم فیسٹیول نے اس بار 15 نئے ڈائریکٹرز کی فلموں سمیت 16 خواتین ڈائریکٹرز کی فلموں کو بھی نمائش کے لیے نامزد کیا اور مجموعی طور پر 56 فلموں کو نامزد کیا گیا ہے۔کانز فیسٹیول انتظامیہ عام طور پر اپریل میں فلموں کی نامزدگی کا اعلان کرتی ہے لیکن اس بار فلموں کی نامزدگی کا اعلان جون میں خاموشی سے خالی سینما میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق نامزد کی گئیں 56 فلموں کی کانز فلم فیسٹیول کے بینر تلے دنیا کے مختلف علاقوں میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیولز اور سینما گھروں میں خصوصی طور پر نمائش کی جائے گی۔فلم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ چوں کہ پہلے یہ واضح کیا گیا تھا کہ اس سال کانز فلم فیسٹیول ہر سال کی طرح نہیں ہوگا، لہٰذا اس سال کانز فلم فیسٹیول کے بینر تلے دکھائی جانے والی فلموں میں کوئی مقابلہ بھی نہیں ہوگا اور نہ ہی اس بار کوئی ایوارڈ دیا جائے گا۔اس سال کانز فلم فیسٹیول انتظامیہ کو دنیا بھر سے 2 ہزار سے زائد فلمیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 56 فلموں کو نامزد کیا گیا۔
تازہ ترین