کراچی (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے سلامتی کونسل کو بتایا ہے کہ گزشتہ برس متعدد سعودی تنصیبات پر حملوں میں استعمال ہونے والے میزائل ایرانی ساخت کے تھے۔ گوٹیرس نے بتایا کہ گزشتہ برس نومبر اور رواں برس فروری کے درمیان امریکا کی جانب سے تحویل میں لیے گئے ہتھیاروں اور عسکری ساز و سامان کا تعلق بھی ایران ہی سے ہے۔ سیکرٹری جنرل کے مطابق ایرانی ساخت کے ان ہتھیاروں میں سے کچھ ایران ہی میں تیار کردہ تھے جبکہ بقیہ فروری سن 2016 اور اپریل سن 2018 کے درمیان ایران کو فراہم کیے گئے۔ گوٹیرس کے مطابق ہتھیاروں کی فراہمی ممکنہ طور پر پانچ سال قبل منظور کردہ سلامتی کونسل کی ایک قرارداد کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتی ہے۔