• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا تھا، عثمان بزدار


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں اس سے بہتر، متوازن اور ریلیف کا حامل بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غیر معمولی صورتحال کے باوجود 56 ارب روپےکا ٹیکس ریلیف فراہم کیا ہے، یہ اقدام صوبے میں کاروبار کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ معیشت چلے گی تو روزگار ملے گا اور ٹیکس زیادہ جمع ہوگا، اپوزیشن نے بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی کرکے غیر جمہوری اورغیر پارلیمانی اقدام کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرکے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اُڑائیں۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے، بجٹ ماضی کی حکومت کی طرح اعداد و شمار کی جادوگری نہیں ہے۔

عثمان بزدارنے کہا کہ بجٹ میں حقیقت پسندانہ اعداد و شمار رکھے گئے ہیں۔ 

تازہ ترین