تحریک انصاف قیادت نے بی این پی مینگل کو منانے کےلئے کوششیں تیز کردی ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی مذاکراتی ٹیم کا اجلاس دوبارہ بلا لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی اجلاس سے پہلے وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوگا جس میں پرویز خٹک، اسد عمر، اسد قیصر، شفقت محمود، شاہ محمود قریشی، بابر اعوان اجلاس میں شریک ہونگے۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم وزیر اعظم کو بی این پی مینگل سے خفیہ رابطوں پر بریفنگ دے گی، جبکہ چیئرمین سینیٹ کی اختر مینگل سے ملاقات کا احوال بھی وزیر اعظم کو بتایا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان مذاکراتی ٹیم کو اہم ہدایات جاری کریں گے۔
دوسری جانب آج شام عمران خان کی زیر صدارت طلب کی گئے کور کمیٹی اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکومتی اتحادی جماعتوں کےتحفظات سے متعلق مشاورت ہو گی جبکہ معاشی ٹیم کور کمیٹی کو بجٹ کے بارے میں بریفنگ دے گی۔