صحت مند زندگی کے لیے ہڈیوں اور جوڑوں کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے، ہڈیوں کی مضبوط نشونما کے لیے بچپن سے ہی غذا میں معدنیات کا استعمال کیا جاتا ہے، ہڈیوں کے امراض سے اپنے بچوں کو بچانے کے لیے مائیں اُن کی غذا میں لازمی دودھ شامل کرتی ہیں اور دودھ پینے کی اہمیت پر زور دیتی ہیں۔
یہاں ماہرین کہتے ہیں کہ ہمارے مضبوط جوڑوں اور ہڈیوں کا انحصار صرف دودھ پر نہیں ہے بلکہ ہمارا بہتر طرز ندگی اور متعدد غذائیں بھی اس میں شامل ہیں، ماہرین کچھ ایسی مختلف غذائیوں کے بارے میں بتاتے ہیں جو ہڈیوں اور جوڑوں کے لیے بےحد مفید ہیں۔
ہڈیوں اور جوڑوں کو مضبوط بنانے والی غذائیں:
وٹامن ڈی اور کیلشیم سے بھرپور غذائیں:
مضبوط ہڈیوں اور جوڑوں کے لیے ضروری ہے کہ آپ وٹامن ڈی اور کیلشیم سے بھرپور غذائیوں کو اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کریں، ان غذائیوں میں قدرتی طور پر وٹامن ڈی اور کیلشیم موجود ہوتا ہے جو ہماری صحت کے لیے بہت ضروری ہیں۔
وٹامن ڈی ہم سورج سے بھی حاصل کرسکتے ہیں اور اس کے علاوہ وٹامن ڈی اور کیلشیم والی غذائیوں میں دودھ، دہی، انڈے، مچھلی ، پنیر اور مشروم وغیرہ شامل ہیں۔
سبز پتوں والی سبزیاں:
کیلشیم صرف دودھ کی مصنوعات سے ہی حاصل نہیں کیا جاتا ہے بلکہ ہم سبز پتوں والی سبزیوں سے بھی کیلشیم لے سکتے ہیں، ان سبزیوں میں ناصرف قدرتی طور پر کیلشیم موجود ہوتا ہے بلکہ دیگر ضروری غذائی اجزاء بھی شامل ہوتے ہیں جو ہماری ہڈیوں کو مضبوط بناتے ہیں۔
سبز پتوں والی سبزیوں میں پالک، شلجم، گاجر، مٹر، چقندر، گوبھی اور مولی وغیرہ شامل ہیں، ان سبزیوں میں ’وٹامن کے‘ بھی موجود ہوتا ہے جو آسٹیوپوروسس کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
پروٹین:
پروٹین بھی ہمارے جوڑوں اور مضبوط ہڈیوں کے لیے بہت اہم ہے، جب ہم ورزش کرتے ہیں یا کوئی وزن اُٹھاتے ہیں تو جسم میں پروٹین کی کمی کی وجہ سے ہمارے جوڑوں اور ہڈیوں میں درد ہوتا ہے لیکن اگر ہم روزانہ پروٹین والی غذائیں لیں گے تو ہماری ہڈیاں مضبوط ہوں گی۔
پروٹین والی غذائیوں میں آپ گوشت، انڈے، دودھ، مچھلی، دالیں، مکھن، پنیر اور سبزیاں کھا سکتے ہیں۔
گری دار میوے اور بیج:
گری دار میوے اور بیج وٹامن سی، وٹامن ای، اینٹی آکسیڈینٹ، فیٹی ایسڈ اومیگا 3 اور پروٹین جیسی معدنیات سے بھرے ہوئے ہوتے ہیں، یہ گری دار میوے اور بیج ہمارے جوڑوں اور ہڈیوں کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لہٰذا اگر آپ روزانہ اخروٹ، بادام اور پستہ میں سے کوئی ایک میوہ بھی کھائیں گے تو یہ آپ کے لیے بہت مفید ہوگا۔