• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایل او سی پر تمام خاندان احساس کفالت پروگرام میں شامل ہوں گے، ثانیہ نشتر

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا  ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے تمام خاندانوں کو احساس کفالت پروگرام میں شامل کیا جائے گا، تمام خاندانوں کو2 ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا، جب کہ ان گھرانوں کی خواتین کو احساس ایمرجنسی کیش میں سے 12 ہزار روپے بھی دئیے جائیں گے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے آزاد کشمیر لائن آف کنٹرول کے مکینوں کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج دینے پر مشکور ہوں، حکومت پاکستان نے پہلی بار کسی علاقے کے سارے خاندانوں کے لیے غیر مشروط پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر 219 دیہاتوں میں بسنے والے تمام ایک لاکھ 38 ہزار 285 خاندانوں کو احساس کیش میں شامل کیا گیا ہے۔ بغیر کسی تخصیص کے وفاقی کابینہ نے تمام پیکیج کی منظوری دیتے ہوئے 3 ارب روپےمختص کر رکھے ہیں۔

ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر رہنے والی خواتین جن کے پاس شناختی کارڈ ہے ان کو احساس ایمرجنسی کیش کی ادائیگی فوراً شروع کر دی جائے گی، کارڈ نہ رکھنے والی خواتین کے لیے لائن آف کنٹرول کے اردگرد علاقوں میں 17 احساس سینٹرز بنائے جائیں گے۔

تازہ ترین