کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں شہید سیکیورٹی گارڈز دو مختلف کمپنیوں کے تھے، دو گارڈ اسٹاک ایکسچینج اور ایک قریبی بینک پر تعینات تھا۔
چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) کرنل ریٹائرڈ محسن کا کہنا ہے کہ اپنی ایس او پی کے تحت شہدا کے تمام اخراجات اٹھائیں گے، شہید افتخار وحید اور خدایار دیر کے رہنے والے تھے، افتخار وحید کو سر میں گولی لگی اور وہ اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑگیا، جبکہ خدا یار کو 6 گولیاں لگی اور موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے۔
کرنل ریٹائرڈ محسن نے کہا کہ افتخار وحید دسمبر 2016 اور خدایار دسمبر 2014 سے اسٹاک ایکسچینج پر تعینات تھے، کمپنی کے 2 سیکیورٹی گارڈ وقاص اور شاہ زیب آپریشن تھیٹر میں ہیں، جبکہ زخمی 23 سالہ شاہ زیب پولیس افسر کا بیٹا ہے، شاہ زیب کے والد کراچی پولیس میں اے ایس آئی ہیں اور اسے جسم کے مختلف حصوں میں 4 گولیاں لگی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی گارڈز نے دہشگرد حملے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔