• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موازنہ کوہلی نہیں، پاکستانی لیجنڈز سے کرنے پر خوشی ہوگی، بابر اعظم، ہمیشہ اچھے ہدف رکھے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹار بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میرا مواز نہ ویرات کوہلی کی بجائے پاکستان کے سابق کھلاڑیوں سے کیا جائے۔ پاکستان نے بہت سے عظیم بیٹسمین پیدا کیے ہیں، خوشی ہوگی کہ اگر ان کا موازنہ محمد یوسف، یونس خان، انضمام الحق اور جاوید میانداد جیسے لیجنڈ کھلاڑیوں سے کیا جائے۔ انگلینڈ میں ٹرپل سنچری بنانے کی کوشش کروں گا۔ صورتحال مشکل اور مختلف ہے لیکن ہم جیتنا چاہتے ہیں ۔ جمعرات کو قومی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ووسٹر سے ویڈیو لنک پر پریس کانفرنس کررہے تھے۔ بابراعظم نے واضح کیا کہ قومی ٹیم انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہورہی ہے۔ تمام کھلاڑی 3 ماہ بعد گراؤنڈ واپسی پر بہت خوش ہیں۔ ٹیسٹ سیریز میں بہترین انفرادی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر پاکستان کو دوبارہ ٹاپ رینک ٹیم بنانا ہدف ہے۔ بابر اعظم نے کہا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ یہاں بھی منفی آیا ہے، پچھلے دو دن سے ہم پریکٹس کررہے ہیں۔ تمام تر توجہ ٹیسٹ سیریز پر مرکوز ہے ۔ بابر اعظم نے کہا کہ اہداف ہمیشہ اچھے رکھے ہیں، کوشش یہی ہے کہ انگلینڈ میں سیریز جیتیں اور ٹرینڈ سیٹ کریں۔ انگلینڈ میں دو سیریز برابر کی ہیں اور ہم اعتماد کے ساتھ یہاں آئے ہیں مجھے امید ہے کہ ٹیم اچھا کھیلے گی ، یہاں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہے ہم اچھے انداز میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔ پاکستان ٹیم کا بولنگ اٹیک بھی اچھا ہے، عباس کو یہاں کھیلنے کا تجربہ ہے ، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی ردھم میں ہیں، انگلینڈ کو ٹف ٹائم دیں گے۔ ویسٹ انڈیز انگلینڈ سیریز سے فائدہ ہوگا انہیں کھیلتا دیکھ کر نئی پلیئنگ کنڈیشنز کا اندازہ ہوگا۔

تازہ ترین