• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موذی وباء نے مسلسل اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کی وباء میں کمی آنے کے بجائے مزید شدت آ گئی ہے، گزشتہ روز (جمعرات کو) دنیا بھر میں نئے کورونا مریضوں کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا، جب ایک ہی دن میں دنیا بھر میں 2 لاکھ 8 ہزار سے زیادہ نئے مریض سامنے آ گئے۔

امریکا میں ایک ہی دن میں 57 ہزار اور برازیل میں 48 ہزار نئے کورونا مریض سامنے آ گئے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 9 لاکھ 90 ہزار 249 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 24 ہزار 176 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 43 لاکھ 16 ہزار 192 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 57 ہزار 869 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 61 لاکھ 49 ہزار 881 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 31 ہزار 485 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28 لاکھ 37 ہزار 189 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 15 لاکھ 14 ہزار 613 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 907 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 11 لاکھ 91 ہزار 91 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 1 ہزار 353 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 61 ہزار 990 زندگیاں نگل چکا ہے۔

کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 9 ہزار 683 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 61 ہزار 165 ہو چکی ہے۔

بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافےکے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے، جہا ںکورونا سے 18 ہزار 225 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 27 ہزار 168 ہو گئی۔

اسپین میں کورونا کے اب تک 2 لاکھ 97 ہزار 183 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جب کہ اس وباء سے اموات 28 ہزار 368 ہو گئیں۔

پیرو میں کورونا وائرس کے باعث 10 ہزار 45 ہلاکتیں اب تک ہو چکی ہیں جبکہ یہاں کورونا کیسز 2 لاکھ 92 ہزار 4 رپورٹ ہوئے ہیں۔

چلی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار 920 ہو گئی جبکہ کورونا کے کُل کیسز 2 لاکھ 84 ہزار 541 ہو گئے۔

برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 43 ہزار 995 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 83 ہزار 757 ہو چکی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 34 ہزار 818 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 2 لاکھ 40 ہزار 961 رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: برازیل میں آکسفورڈ کورونا ویکسین کی آزمائش شروع

میکسیکو میں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد 29 ہزار 189 ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز 2 لاکھ 38 ہزار 511 ہو گئے۔

ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 11 ہزار 106 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 2 لاکھ 32 ہزار 863 ہو گئے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 1 ہزار 752 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 97 ہزار 608 تک جا پہنچی ہے۔

چین جہاں دنیا میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا وہاں کورونا وائرس پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور روزانہ صرف چند نئے کورونا مریض سامنے آتے ہیں جبکہ اس سے اموات میں کافی عرصے سے کوئی اضافہ سامنے نہیں آیا ہے۔

چین میں کورونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 542 ہو چکی ہے اور اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔

کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے کے باعث پاکستان مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 12 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 896 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 4 ہزار 551 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 1 لاکھ 3 ہزار 722 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 1 لاکھ 13 ہزار 623 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین