• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جون کی نسبت کورونا مریض کم ہیں، اسد عمر


وفاقی وزیرِ برائے منصوبہ بندی اسد عمر کہتے ہیں کہ جون کے وسط کی نسبت اب اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد کم ہے۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیرِ برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ملک میں ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق ہر ہفتے جائزہ لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جون کے وسط میں 20 شہروں میں ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کی گئی تھی، کورونا سے متعلق صورتِ حال میں اب بہتری نظر آ رہی ہے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد بہتر ہونے سے صورتِ حال بہتر ہوئی ہے، امریکا میں وباء پہلے کم ہوئی اور پھر اس میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا۔


انہوں نے کہا کہ آپ نے ایس او پیز پر عمل درآمد بہتر بنایا جس سے وبا کم ہوئی ہے، اگر انتظامی کارروائی نہیں کریں گے تو ہو سکتا ہے کہ جولائی کے آخر تک 12لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ایس او پیز پر عمل درآمد ہوگا تو امید ہے کہ جولائی کے آخر تک تعداد 4 لاکھ ہو، ہم سب کے ہاتھ میں ہیں کہ اس وباء سے اپنے آپ کو بچا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر افراد نے حکومت اور ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کیا، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے صوبوں نے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ سندھ اور خصوصاً کراچی میں صورتِ حال بہتر نظر نہیں آ رہی ہے، سندھ میں مزید کتنا بہتر کام ہوسکتا ہے اس پر آج شام پھر مشاورت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد سے ناصرف کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آ رہی ہے، بلکہ کورونا سے متاثرین کی شرحِ اموات میں بھی کمی آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: عوام کی جانب سے کورونا ٹیسٹ کرانے کے رجحان میں کمی

اسد عمر نے کہا کہ چند دن سے صرف 5 فیصد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو رہی ہے، احتیاطی تدابیر اور اسمارٹ لاک ڈاؤن سے کیسز اور اموات میں کمی آئی۔

انہوں نے کہا کہ جولائی کے آخر تک صورتِ حال بہتر ہوئی تو کیسز 4 لاکھ سے کم ہوں گے، ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی میں صورتِ حال کی بہتری کے لیے مزید کام کریں گے، جون کے وسط میں اسلام آباد میں روزانہ تقریباً 700 کیسز سامنے آ رہے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں انتظامیہ، پولیس اور عملے نے بہت اچھا کام کیا، اسلام آباد میں گزشتہ روز صرف 113 مثبت کیسز آئے۔

تازہ ترین