• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں دن رات لوڈشیڈنگ، شہری جاگنے پر مجبور، نیپرا سمیت تمام ادارے ناکام

کراچی میں دن رات لوڈشیڈنگ، شہری جاگنے پر مجبور، نیپرا سمیت تمام ادارے ناکام


کراچی (اسٹاف رپورٹر‘ایجنسیاں)کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ ‘دن اور رات کے اوقات میں بھی بجلی غائب ‘ شہری راتوں کو جاگنے پرمجبور ‘معمولات زندگی بری طرح متاثر‘ نیپرا سمیت تمام حکومتی ادارے ناکام ہوگئے ‘ حکومتی پارٹیاں اوران کے منتخب نمائندے مصلحت کا شکار اور صرف بیان بازی تک محدود ہیں ۔

لوڈشیڈنگ کا دورانیہ10 سے 12گھنٹے تک جاپہنچا ‘ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، اختر کالونی،لیاری ‘ کشمیر کالونی، محمود آباد، منظور کالونی، گجر چوک، پی ای سی ایچ سوسائٹی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، لیاقت آباد سی ون ایریا، گلستان جوہر ‘عزیز آباد، کریم آباد،صدر، آئی آئی چندریگر روڈ اور ملیر سمیت مختلف علاقوں میں رات گئے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے تو کہیں بجلی نے آنا اورجانا لگائے رکھا۔

لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں ۔اسٹاف رپورٹر کے مطابق کراچی میں لوڈشیڈنگ کے باعث شہری راتوں کو جاگنے پرمجبور ہو گئے صارفین کے پاس تکلیف برداشت ،افسوس کرنے اورخاموش رہنے کے سوا کچھ نہیں۔

حکومتی پارٹیاں اوران کے منتخب نمائندے مصلحت کا شکار اور صرف بیان بازی تک محدود ہیں‘ کے الیکٹرک ہر گزرتے دن کے ساتھ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کرتی جا رہی ہے جبکہ حکومت کی طرف سے بھی اب تک کوئی اقدام سامنے نہیں آیا کہ جس سے دس سے بارہ گھنٹے تک کی بجلی بندش کے عذاب سے لوگوں کو نجات مل سکے بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو ریگولیٹ کرنے کے کے لئے حکومت کو نئی قانون سازی کرنا ہو گی‘بعض علاقوں کے مکینوںکا کہنا تھا کہ مرمت کے نام پر بھی صبح سے شام تک الگ بجلی بند کی جاتی ہےجو شدید گرم موسم میں کسی عذاب سے کم نہیں ہے۔

تازہ ترین