• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا اور لاک ڈائون سے معاشی مسائل، وزیراعطم یونیورسٹی فیسیں معاف کرائیں، والدین

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سرکاری، نیم سرکاری اور نجی یونیورسٹوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے والدین نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ اگلے سمسٹر کی فیس معاف کروائی جائے کیونکہ فروری تک فیسوں کی ادائیگی کے بعد بمشکل چند ہفتےہی یونیورسٹیاں کھلی تھیں کہ کورونا کی وجہ سے ملک بھر کی جامعات بند کر دی گئیں جو تاحال بند ہیں اورطلبہ یونیورسٹی نہیں گئے۔ اس دوران بعض یونیورسٹیاں آن لائن اسائنمنٹ دے کر فیسوں کا جواز بنا رہی ہیں حالانکہ آن لائن تعلیم اور یونیورسٹی میں جا کر تعلیم حاصل کرنے میں بہت فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا اور لاک ڈائون کے باعث ان کے روزگار بھی متاثر ہیں اور وہ معاشی مشکلات کا شکار ہیں ، ایسے میں میڈیکل اور انجینئرنگ سمیت اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی سمسٹر فیسیں جو لاکھوں میں بنتی ہیں کی ادائیگی والدین کیلئے بہت مشکل ہو رہی ہے۔ والدین کے مطابق اس صورتحال میں گھروں اور دکانوں کے کرائے، بلوں کی ادائیگی اور دیگر بنیادی ضروریات کا پورا کرنا بھی ناممکن ہوتا جا رہا ہے ایسے میں ممکنہ طور پر اگلے ماہ ملنے والے فیس وائوچر انہیں پریشان کئے جا رہے ہیں لہذا اگلے سمسٹر کی فیسیں معاف یا کم ازکم نصف کرنے اور ان پر ٹیکس بھی معاف کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے جس کا اظہار وزیر اعظم نے اپنے منشور میں بھی کر رکھا ہے لیکن اگر ریاست کی ذمہ داری والدین اپنا پیٹ کاٹ کر پوری کر رہے ہیں تو ان سے اس ذمہ داری پر بھی ٹیکس لینا سراسر ناانصافی ہے۔
تازہ ترین