• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج بہترین، اب تک 125094 مریض صحت یاب ہوچکے، عیدالاضحی کے موقع پر وبا پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، عمران خان

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج بہترین، اب تک 125094 مریض صحت یاب ہوچکے


لاہور، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ طبی عملہ ہمارا ہیرو ہے، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج بہترین ہیں، عیدالاضحی کے موقع پر وباءپر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی 100 روزہ خدمات قابل تحسین پیش کرتاہوں، جبکہ NCOC نے کہاہے کہ الحمداللہ 125094 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکادورہ کیا، آرمی چیف بھی انکے ہمراہ تھے۔ 

بعدازاں شبلی فرازنے کہا کہ وزیراعظم کی حکمت عملی سے کورونا کیسز میں کمی آئی، دنیاعمران خان کا ماڈل اپنا رہی ہے،کورونا ابھی مکمل ختم نہیں ہوا اور خطرہ اب بھی موجود ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج مل رہے ہیں۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں کورونا کی صورت حال پر اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف، وفاقی وزراء، معاونین خصوصی اور اعلٰی عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔ 

اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور محکمہ صحت کے حکام نے کورونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس پر وزیراعظم نے این سی او سی کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم کو ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج پر بھی بریفنگ دی گئی، جس پر انکا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج موصول ہو رہے ہیں۔دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)کے خدمت اور قومی کاوش کے 100دن مکمل ہوگئے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد مثبت کیسز سے زیادہ ہوچکی ہے۔ ملک بھر میں ایک لاکھ 25ہزار 94 کورونا مریض مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز 95ہزار570 ہیں، گذشتہ 24 گھنٹوں کےدوران3387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 68 کورونا متاثرین انتقال کر گئے۔ 

فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قومی قیادت ملک کے مختلف ہسپتالوں، ہیلتھ کئیر سہولیات کا دورہ کرکے ڈاکٹروں، نرسوں، پیرا میڈیکل اور معاون عملے کی بے مثال خدمات کا اعتراف کرینگے۔

این سی او سی نے پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے وبائی بیماری ، ایمرجنسی ریسپانس میں ساتھ دیا، این سی و سی نے اِن100دِنوں میں قومی یکجہتی اور وَبا سے نمٹنے کیلئے دِن رات بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے اور معیشت کو بحال رکھنے کی حکمت عملی وضع کی۔ 

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران22ہزار 50 ٹیسٹ کیے گئے۔ جن میں سندھ کے 10 ہزار 27، پنجاب کے 7 ہزار 196، کے پی کے کے 1845، اسلام آباد کے 2327، بلوچستان کے325، بلوچستان کے 70 اور آزاد کشمیر کے260 ٹیسٹ شامل ہیں۔

ملک بھر میں 1518 وینٹیلیٹرز کورونا وائرس کیلئے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے اس وقت تک 468 استعمال میں ہیں۔ اب تک ملک بھر میں 2 لاکھ 25ہزار283 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مجموعی اموات 4 ہزار 619 ہوچکی ہیں۔ اب تک 13 لاکھ 72 ہزار 825 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ ملک کی 729 ہسپتالوں میں5199 کورونا مریض زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ ہے کہ وزیراعظم کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو دنیا نے اپنایا ہے، وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی کے باعث کورونا کے کیسز میں کمی آئی لیکن کورونا ابھی مکمل ختم نہیں ہوا اور خطرہ اب بھی موجود ہے۔ 

دوسری جانب محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے عید الاضحی پر مویشی منڈیاں لگانےکے حوالے سے تفصیلی ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں ،وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق منڈیاں عید سے 15 روز پہلے لگانے کی اجازت ہوگی۔ 

محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے نوٹیفکیشن کے مطابق مویشی منڈیاں شہر سے کم از کم 2 کلو میٹر دور لگائی جائیں گی۔مویشی منڈیاں کھلی جگہ پر لگائی جائیں جہاں سماجی فاصلہ ممکن ہو۔مویشی باڑے، انتظامی دفاتر اور میڈیکل کیمپ کھلے اور ہوا دار ہوں۔

تازہ ترین