لاہور(خصوصی نمائندہ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نواز دور میں بنی بجلی مینیج بھی نہ کرسکی۔
اپنے بیان میں ا نہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بجلی کی فراہمی میں قلت اور اس پر قیمتوں میں اضافہ دوہرا ظلم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اضافی گیس اور تیل ملنے کے باوجود بجلی کی پیداوار میں قلت صرف نالائقی ہے ،ملک بھر میں وافر بجلی کی موجودگی کے باوجود لوڈشیڈنگ کی شکایات میں اضافہ صرف نااہلی اور بدانتظامی ہے ،عوام حیران ہیں کہ لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ بھی جاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عوام کورونا وباء ، معیشت کی تباہی اور بیروزگاری سے دوچار ہیں، بجلی گیس کے بل بھی بڑھتے جارہے ہیں ،موجودہ حکومت ہر روز عوام کے صبر کاکڑا امتحان لے رہی ہے ،پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ظلم ہے۔
ظلم کی حکومت ظالمانہ اقدامات سے ظلم کی تبدیلی لائی ہے۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)نے ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کئے ،موجودہ حکومت نوازشریف دور میں بنائی گئی بجلی کو میینج کرنے میں بھی ناکام ہے۔