اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) پاکستان اور ایران کےمابین مزید سرحدی مقامات کو آج بروز اتوار سے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گبد، ماند،کاٹاگر اورچیڈگی کو کھولا جائے گا،تجارت کیلئے سرحد سات دن کھلی رہے گی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے گزشتہ روز کے اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے تناظر میں گبد، ماند،کاٹاگر اورچیڈگی پر سرحدی مقامات کو کھولا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی معاہدے کے تحت تجارت کیلئے صبح سے شام تک ہفتے میں سات دن سرحد کھلی رہے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرکوں کی غیرمعینہ تعدادمیں نقل وحمل کی اجازت ہوگی جو کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام سے متعلق قواعدوضوابط پرعملدرآمدکویقینی بنائیں گے۔