پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر خالد انور آفریدی نے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کو صرف حق اور سچ لکھنے پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ حکمرانوں کو کسی بھی صورت میں سچ اور انصاف کے لیے آواز اُٹھانا قابل قبول نہیں ہے۔
پشاور ہائیکورٹ بار کے صدر خالد انو رآفریدی نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ میرشکیل الرحمٰن کوانتقام کا نشانہ بنانا صرف ایک شخص پر حملہ نہیں ہے بلکہ عوام کے اطلاعات تک رسائی کے حق پر حملہ ہےجو اتہائی قابل مذمت ہے۔
خالد انور آفریدی نے پاکستان بار کونسل کے جاری شدہ بیان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان بارکونسل کی جانب سےمیر شکیل الرحمٰن کے کیس میں قانونی معاونت کو خوش آئند قرار دیا۔
خالد انور نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ عدالتیں انصاف کریں گی کیونکہ نجی ملکیت کے معاملے میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایک سینئر اور ممتاز صحافی کو قیاس آرائیوں کی بنیاد پر 34 سال پرانے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ۔
انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشاور ہائیکورٹ بار فوری انصاف کے حصول میں میر شکیل کے ساتھ ہے اور صحافیوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے اپیل کی کہ وہ جنگ / جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی 114روز سے غیر قانونی گرفتاری کا نوٹس لیں۔