• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارگل ہیروز، کیپٹن کرنل شیرخان اور حوالدار لالک جان کا یوم شہادت، شہداء بہادری کا درخشندہ باب ہیں، فوجی ترجمان

کارگل ہیروز، کیپٹن کرنل شیرخان اور حوالدار لالک جان کا یوم شہادت


اسلام آباد(نمائندہ جنگ)کارگل جنگ میں بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید اور حوالدار لالک جان شہید کی 21ویں برسی انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی،صوابی اور غذر میں خصوصی دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے حوالدار لالک جان کی قبر پر پھول چڑھائے گئے۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آرجنرل میجر جنرل بابر افتخار نے اپنے پیغام میں پاک فوج کی جانب سے عظیم سپوتوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن کرنل شیرخان شہید اور حوالدار لالک جان شہید بہادری کا درخشندہ باب ہیں، صوابی، خیبرپختو نخوا،غذر،گلگت بلتستان کےعظیم شہداہیروہیں، شہدا نے اپنے خون سے ہر مشکل کیخلاف عزم وہمت کی تاریخ رقم کی۔ 

کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل احسان محمود خان نے لالک جان شہید اور کمانڈنٹ پنجاب رجمنٹل سینٹر نے کرنل شیر خان شہید کی قبر پر پھول چڑھائے‘مختلف مکاتب فکر، سول و فوجی حکام نے شہداء کی قبروں پر حاضری دی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے پیغام میں کہا کہ وطن کیلئےجانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے حقیقی ہیروز ہے، کیپٹن کرنل شیر خان اور حوالدار لالک جان شہید نے اپنی بہادری اور جرات سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وطن پر قربان ہونے والے یہ عظیم فرزندان جرات و شجاعت کی روشن مثالیں ہیں، پوری قوم اپنے بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

تازہ ترین