• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بنائے گئے اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی تعداد پوری نہیں ہوئی


کراچی کے اسپتالوں میں ابھی تک ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی مطلوبہ تعداد ہی پوری نہیں ہوئی ہے جبکہ نئے کھولے گئے دونوں اسپتال خود کورونا کا مریض بھی نہیں لے سکتے، گلشن اقبال اور گلستان جوہر میں نئے اسپتال کھولنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

کورونا کے مریض نئے اسپتالوں میں خود جاکر علاج نہیں کراسکتے، جبکہ دونوں نئے اسپتال کورونا کے مریضوں کو اوجھا اسپتال بھیج دیتے ہیں اور دونوں اسپتال صرف اوجھا اسپتال سے بھیجے گئے کیسز لے سکتے ہیں۔

اوجھا اسپتال میں مریض کی حالت بہتر ہونے پر نئے اسپتالوں کو ریفر کردیا جاتا ہے۔

گلشن اقبال کے اسپتال میں 34 آکسیجن بیڈز اور 16 وینٹی لیٹرز کی سہولت موجود ہے، جبکہ گلستان جوہر کے اسپتال میں 40 آکسیجن بیڈز اور 6 وینٹی لیٹرز کی سہولت موجود ہے، دونوں اسپتالوں میں اس وقت مجموعی طور پر صرف 8 مریض زیرعلاج ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ دونوں اسپتالوں کو ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا اسپتال سے منسلک کیا ہے، اوجھا اسپتال سے کورونا کے مریض ان اسپتالوں میں منتقل کیے جاتے ہیں۔

حکام نے کہا کہ اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی مطلوبہ تعداد جلد پوری کردی جائےگی۔

تازہ ترین