• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپین یونین کی فلسطینیوں کیلئے دو کروڑ 27 لاکھ یورو کی امداد

یورپین یونین نے مشکل صورتحال کے شکار فلسطینیوں کیلئے 22 اعشاریہ 7 ملین یورو کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے یورپین کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ امداد تشدد، مشکلات اور انتہائی ضروری اشیاء سے محروم عوام کیلئے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت مہیا کی جارہی ہے۔

اعلامیے کے مطابق پہلے ہی سے مشکلات کا شکار ویسٹ بینک اور غزہ کے عوام کورونا وائرس کے سبب پابندیوں کا مزید شکار ہوئے ہیں۔

یورپین کمیشن کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ جب سے یہ عالمی وباء شروع ہوئی ہے، اس وقت سے ابتک مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں فلسطینیوں کے گھر اور ان کی تنصیبات مسلسل گرائی جارہی ہیں۔

24 لاکھ فلسطینیوں کو جہاں انسانی امداد کی ضرورت ہے وہیں غزہ کے 15 لاکھ فلسطینی محبوس ہیں اور جن کے رہائشی حالات انتہائی خراب ہیں۔

دوسری جانب اس امداد کے اجراء سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کرائسسز مینجمنٹ کے یورپین کمشنر جینز لینارسک نے کہا کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور لوگوں کو زبردستی ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے ذریعے انہیں بقا کی بنیادی ترین اشیاء سے محرومی خطرناک ہے، جسے ہر صورت روکا جانا چاہیے۔ اسی لئے یورپی یونین اس مشکل وقت میں کمزور فلسطینی عوام کی امداد کیلئے یہ قدم اٹھا رہی ہے۔

تازہ ترین