• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشیل گوڑا کی مبینہ خود کشی، فارم ہاؤس میں مردہ حالت میں پائے گئے

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے بعد اب ایک اور بھارتی اداکار نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے، ٹی وی اداکار سشیل گوڑا اپنے آبائی شہر منڈیا میں فارم ہاؤس میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ تفصیلات کے مطابق 32سالہ اداکار سشیل گوڑا کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے تاہم پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیاہے اور کہاہے کہ شک ہے کہ سشیل نے خود کشی کی ہے کیونکہ جب سے لاک ڈاؤن شروع ہوا ہے ان کے پاس کرنے کیلئے کوئی کام نہیں تھا ۔ وہ ایک فلم میں بھی اداکاری کر چکے تھے جو کہ کچھ عرصے میں ریلیز ہونے والی ہے تاہم اب ان کی موت فلم کی ریلیز سے قبل ہی ہو گئی ہے ۔ 30سالہ سشیل نے سات جولائی کو خودکشی کی تھی ، وہ ایک اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ فٹنس ٹرینر بھی تھے۔ انہوں نے رومانٹک سیریل انت پورہ میں بھی کام کیا تھا۔ وہ کنڑ فلم انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کررہے تھے۔ آنے والی فلم سلگا میں سشیل ایک پولیس اہلکار کے کردار میں نظر آنے والے تھے۔ اس فلم میں اداکار دنیا وجے لیڈ رول ادا کررہے ہیں۔ سشیل گوڑا کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دنیا وجے نے کہا کہ جب میں نے پہلی مرتبہ اس کو دیکھا تھا ، تو مجھے وہ ہیرو کی طرح لگے تھے۔ فلم ریلیز ہونے سے پہلے ہی وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔ خودکشی کرنا کسی پریشانی کا حل نہیں ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اس سال موت کا سلسلہ نہیں رکے گا۔ صرف کورونا کی وجہ سے ایسا نہیں ہورہا ہے۔ لوگوں کی نوکری جارہی ہے۔ اس مشکل گھڑی سے نکلنے کیلئے اس وقت مضبوط ہوکر رہنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین