• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائوسنگ اسکیم کا ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو بغیر ٹینڈر دیئے جانے کا انکشاف

اسلام آباد (نامہ نگار) پبلک اکائونٹس کی ذیلی کمیٹی میں انکشاف کیا گیا ہے کہ او پی ایف ہائوسنگ سکیم کا اڑھائی ارب روپے کا ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو بغیر ٹینڈر کے دے دیا۔ او پی ایف حکام نے بتایا زمینوں پر قبضے کی وجہ سے ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو دیا گیا کمیٹی نے معاملہ حل کرنے کے لئے ایک ماہ کا وقت دے دیا۔ پبلک اکائونٹس ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئیر کمیٹی سردار ایاز صادق کی زیر نگرانی ہوا۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں ای او بی آئی کی 108 ملین روپے کی زمین خریداری کا معاملہ زیر بحث لایا گیا۔ کمیٹی نے معاملے کی تحقیقات کے لئے سیکرٹری داخلہ اور ایف آئی اے کی ٹیم بنادی۔ کمیٹی 16 جولائی تک تحقیقاتی رپورٹ کمیٹی کو پیش کرے گی۔ آڈٹ حکام نے انکشاف کیا کہ او پی ایف ہائوسنگ سکیم کا اڑھائی ارب روپے کا ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو بغیر ٹینڈر کے دے دیا۔ او پی ایف حکام نے بتایا زمینوں پر قبضے کی وجہ سے ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو دیا گیا۔ کمیٹی نے معاملہ حل کرنے کے لئے ایک ماہ کا وقت دے دیا۔ پارلیمنٹ کی ذیلی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے 20 ارب روپے وزارت خزانہ میں جمع ہونے سے متعلق معاملے کی سات دنوں میں تحقیقات کرا کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزارت اوورسیز پاکستانیز کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے 20 ارب روپے واپس جمع نہ کروائے جانے سے متعلق معاملے کے جائزے کے دوران کنوینئر کمیٹی سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ معاملہ 2006 ،2007 کا ہے اور ابھی تک اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی‘ آڈٹ حکام نے کہا کہ کمیٹی وزارت خزانہ کو لکھ دے کہ پیسہ واپس ویلفیئر فنڈ کو جمع کروا دیا جائے‘ وزارت خزانہ حکام نے کہا کہ اگر پیسے ویلفیئر فنڈ کے ہیں تو ان کو مل جائیں گے۔

تازہ ترین