• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، انتظامیہ کا الرٹ رہنے کا حکم

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہو گیا۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بارش کے حوالے سے افسران کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

ڈی سی اسلام آباد نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ تمام اے سیز اپنے اپنے ایریا میں نشیبی علاقوں کا وزٹ کریں۔

ادھر ملک میں کہیں بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا ہے تو کہیں شدید گرمی نے شہریوں کا برا حال کیا ہوا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے، بارش کا سلسلہ 12 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام اور رات کو بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، میانوالی، خوشاب اور نور پور تھل میں آندھی کے ساتھ بارش ہو گی۔

لاہور، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، قصور، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

ادھر شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔

بارش کے ساتھ ساتھ میران شاہ اور میر علی کے علاقوں میں گندم کی کٹائی کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔

آزاد کشمیر میں میر پور، دھیر کوٹ اور سماہنی جبکہ کے پی کے میں مانسہرہ میں بھی بارش ہو رہی ہے۔

مانسہرہ اور گرد و نواح میں بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

چمن، کوژک ٹاپ، شیلا باغ، توبہ اچکزئی سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔

جنگل پیر علی زئی، قلعہ عبداللّٰہ اور پشین میں طوفانی ہوائیں چلنے سے کوئٹہ چمن شاہراہ پرٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی سسٹم شمال بالائی بلوچستان کی جانب بڑھ رہا ہے، موسمی سسٹم سے سرحدی اضلاع میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے ۔

سسٹم کے تحت پاک افغان سرحدی اور بالائی بلوچستان میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

سندھ اور پنجاب میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے، شہری گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹھنڈے مشروبات کی مانگ بڑھ گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید