• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدام ، تھانوں کے اخراجات کے لیے پہلی بار بجٹ فراہم

کراچی کے تھانوں میں جملہ اخراجات پورے کرنے کیلئے پولیس کو اب شہریوں کی طرف نہیں دیکھنا پڑے گا بلکہ اس کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے پہلی بار باقاعدہ طور پر بجٹ منظوری کے بعد رقوم کی براہ راست تھانوں کو فراہمی شروع کی جا رہی ہے۔

موصول بجٹ دستاویزات کے مطابق ضلع جنوبی کے ماڈل تھانے کلفٹن کے لئے ایک کروڑ 6 لاکھ 80 ہزار روپے، ضلع شرقی کے ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباد کے لیے ایک کروڑ 63 لاکھ 37 ہزار 696 روپے، ویسٹ زون کے لیاقت آباد ماڈل پولیس اسٹیشن کے لیے 97 لاکھ 20 ہزار روپے کا بجٹ منظور کیا گیا ہے۔

شہر کے دیگر تھانوں کو وہاں کی آبادی اور حدود کے حساب سے بجٹ دیا گیا ہے جن میں کچھ تھانوں کو 80 لاکھ سے زائد بھی دیے گئے ہیں جبکہ بیشتر تھانوں کا بجٹ 30 لاکھ روپے سے زائد سالانہ ہے۔

کراچی کے تمام سب ڈویژنل پولیس آفیسر اور ٹریفک کے سیکشن کے لیے بھی بجٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ شہر کے ٹریفک سیکشن کو سالانہ 17 لاکھ روپے اوسط بجٹ دیا جا رہا ہے۔

کراچی کے زونل ڈی آئی جیز، ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز، ایس پیز انوسٹی گیشن، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی سی آئی اے اور دیگر شعبوں کو بھی بجٹ فراہم کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ماضی میں یہ بجٹ زونل سربراہان یا ایس ایس پیز تک جاتا تھا اور پولیس میں مبینہ کرپشن کی وجہ سے تھانوں کی سطح پر رقوم نہیں پہنچ پاتی تھیں، یوں ایس ایچ او اور تفتیشی افسران کو اخراجات کے لیے مدعیان یا ملزمان کی طرف دیکھنا پڑتا تھا۔


ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے "جنگ" کو بتایا کہ کراچی میں تھانوں کی سطح پر وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے کیلئے نئی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے تاکہ کرپشن اور جرائم پر بخوبی قابو پایا جا سکے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی پولیس کی جانب سے تجویز کردہ بجٹ کو منظور کیا۔

کراچی پولیس چیف کے مطابق یہ بجٹ متعلقہ تھانوں کے بینک اکاؤنٹس میں جائےگا۔ ایس ایچ اوز یا ٹریفک سیکشن انچارجز کے دستخطوں سے رقوم نکالی جاسکیں گی جس کا باقاعدہ طور پر آڈٹ بھی کیا جائے گا۔

کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ تھانوں کی سطح پر بجٹ کی فراہمی سے ایسے ایماندار پولیس افسران کو عوام کی بھرپور خدمت کا موقع ملے گا جو تھانہ کلچر میں کرپشن کی وجہ سے عہدوں پر تعیناتیوں میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اس سلسلے میں آئی جی سندھ کی کاوشوں اور انکی پولیس فورس میں مثبت تبدیلی پر کئے جانے والے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔

آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے تھانوں کی سطح پر تجویز کردہ بجٹ کو نہ صرف منظور کرایا بلکہ اس ضمن میں بھرپور انداز میں اس معاملے کو حکومتی سطح پر پیش کیا۔

ماڈل تھانوں کے ساتھ ساتھ دیگر پولیس اسٹیشنز میں بجٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے جس سے کرپشن کا خاتمہ کیا جا سکے گا اس ضمن میں بجٹ کی بلا تاخیر فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

کراچی پولیس میں تھانوں کی سطح پر بجٹ کی فراہمی سے کرپشن پر بہتر انداز میں قابو پایا جا سکے گا اور محکمے میں احتساب کا عمل مضبوط ہوگا۔

تازہ ترین