وزیراطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کو شادی ہالز مالکان کی تکالیف کا پوری طرح اندازہ ہے، ملک کے موجودہ حالات میں تمام شعبہ جات بری طرح متاثر ہوئے ہیں، تاہم انسانی زندگیوں پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔
ان خیالات کا اظہار ناصر حسین شاہ نے کمشنر ہاؤس کراچی میں شادی ہال مالکان سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس ملاقات میں کمشنر کراچی، افتخار شلوانی، سیکریٹری اطلاعات سندھ اسلم غوری اور شادی ہال مالکان تنظیموں کے نمائندگان موجود تھے۔
شادی ہال مالکان نے وزیر بلدیات سندھ سے اپنے تحفظات و موجودہ کورونا بحران میں کاروبار کی بندش کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔
ناصر حسین شاہ کا شرکاء میٹنگ سے کہنا تھا کہ حکومت سندھ کو موجودہ کاروباری اور معاشی صورت حال کا پوری طرح ادارک اور اندازہ ہے، کورونا کی وبا نے جہاں عالمی سطح پر معاشی بدامنی کے حالات پیدا کیے ہیں وہیں ملک میں لوگوں کی بڑی تعداد کو بیروزگار بھی کردیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا کرائسز کے معاملے پر جو پالیسی وضع کی گئی ہے، حکومت سندھ اس پر عمل کرنے کی پابند ہے۔
اس حوالے سے صدر شادی ہالز ایسوسی ایشن رانا رئیس نے دعوی کیا کہ ہماری تجاویز پر غور کرکے حکومت ایک جامع ایس او پی متعارف کرائے گی اور ہمیں 2 اگست سے پہلے شادی ہال کھولنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔