• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستقبل میں شاید ایرانی جوہری پروگرام حل کرنے کا موقع نہ مل سکے، یورپی یونین

ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی 5ویں سالگرہ کے موقع پر یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا ہے کہ ہمیں یہ خیال نہیں کرنا چاہیے کہ مستقبل میں بین الاقوامی برادری کیلئے ایران کے جوہری پروگرام کو اس طرح جامع انداز میں حل کرنے کا موقع دوبارہ پیدا ہوگا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے (JCPOA) کے 5 سال مکمل ہونے کے موقع پر جوائنٹ کمیشن کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے برسلز سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ 

یاد رہے کہ ایران اور P 5+1 ممالک کے درمیان 14 جولائی 2015 کو ایک معاہدہ ہوا تھا، جس کے تحت ایران کے جوہری پروگرام کو ہتھیار بنانے سے روک کر اسے مراعات دینا مقصود تھا۔

اس معاہدے کی تصدیق اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے قرارداد نمبر 2231 کے ذریعے کی تھی۔

جوزپ بوریل نے کہا کہ افسوس ہے کہ امریکہ نے مئی 2018 میں JCPOA سے دستبرداری کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ کسی میٹنگ یا سرگرمی میں شریک نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ہی ایرا ن کے جوہری پروگرام کے حوالے سے عالمی برادری کو ضروری یقین دہانی فراہم کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔

تازہ ترین