• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے نظیر بھٹو کے پھوپی زاد بھائی کا ڈیڑھ ارب کا پلاٹ ہتھیانے کا الزام، ایف آئی اے نے چارج شیٹ عدالت میں جمع کرادی

کراچی (اسد ابن حسن) محترمہ بے نظیر بھٹو کے پھوپی زاد بھائی کے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد مالیت کے قیمتی پلاٹ کو جعلسازی سے اپنے نام کروانے والے ملزمان کے خلاف ایف آئی اے نے عدالت میں چالان جمع کروا دیا ہے۔ عدالت میں جمع کروائے گئے چالان میں تفتیشی افسر انسپکٹر اسٹیفن نے تحریر کیا ہے کہ 2019ء میں درخواست کنندہ طارق اسلام جوکہ مرحومہ بے نظیر بھٹو کا پھوپی زاد بھائی ہے، نے ایف آئی اے کو تحریری شکایت کی کہ چند افراد نے اس کے پلاٹ نمبر 109 بلاک ون کلفٹن پر جعلی کاغذات بنوا کر اپنے نام کروا لیا ہے اور اب اس کو فروخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مذکورہ پلاٹ کی مارکیٹ ویلیو ڈیڑھ ارب سے زائد ہے۔ اس شکایت پر تحقیقات انسپکٹر اسٹیفن کو تفویض کی گئیں اور حتمی طور پر مقدمہ نمبر 359/2019 درج کیا گیا، مقدمے میں چھ ملزمان نامزد کیے گئے جس میں مسماۃ نسرین جس کے نام کا جعلی شناختی کارڈ بنوایا گیا (اس وقت ضمانت پر ہے) نادرا کی دو خواتین افسران صدف امجد (ضمانت پر) اور ندا زہرہ (مفرور) یونین کونسل سیکرٹری غلام فاروق چنہ جس کی ضمانت قبل از گرفتاری اسپیشل کورٹ I ہائی کورٹ، سپریم کورٹ سے مسترد ہوچکی ہے اور گرفتاری کے بعد متعلقہ عدالت بعد از گرفتاری درخواست بھی مسترد کرچکی ہے اور پانچوں مرتبہ ہائی کورٹ میں دوبارہ زیرالتوا ہے۔

تازہ ترین