• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے ساتھ بغیر بتائے تجارت کھول دی گئی، پلوشہ خان


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما پلوشہ خان کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ بن بتائے تجارت کھول دی گئی، جبکہ 5 اگست کو کشمیر کے حوالے سے یہ حکومت ڈراما رچائے گی۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ، پلوشہ خان، حیدر زمان قریشی نے اسلام آباد میں مشتر کہ پریس کانفرنس کی۔

پلوشہ خان نے کہا کہ ہم عمران نیازی سے پوچھتے ہیں کہ کس کے حکم پر بھارت کو نوازا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ کے سوالات کا ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا، زلفی بخاری اشتہاری ہے جو روزویلٹ ہوٹل پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔

پلوشہ خان نے کہا کہ یہ تمام وزراء بنارسی ٹھگ ہیں جو عوام کو لوٹتے ہیں اور ان کو مار بھی رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کلبوشن کا نام یہ حکومت کیوں نہیں لیتی، اس حکومت نے کشمیر کو بھارت کے حوالے کر دیا۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی وبا بن کر حکمرانی کر رہی ہے، جو 2 سال سے عوام پر مسلط ہے، جبکہ بلاول بھٹو نے حکومت کو کرپشن پر 3 چیلنج کیے، ابھی تک اس کا جواب نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے پارلیمنٹ سمیت تمام فورمز پر ان کو مناظرے کا چیلنج کیا، بلاول نے چیلنج کیا کہ پنجاب اور کے پی میں سندھ کے اسپتالوں جیسا ایک اسپتال بتادیں۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ابھی تک ابراج سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا، بی آر ٹی اور مالم جبا کی کرپشن پر آج تک کسی نے جواب نہیں دیا، جبکہ وزیر ہوابازی کے بیان کے بعد دنیا میں پی آئی اے کی پروازیں بند کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پروازیں نہ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے، جبکہ ڈی جی سول ایوی ایشن کا بیان وزیر کے بیان کے متضاد ہے۔

تازہ ترین