• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ میں وزیر اعظم کا نام ہے، نفیسہ شاہ

پیپلزپارٹی کی نفیسہ شاہ کاکہنا ہے کہ پی آئی اے کو حکومت نے تباہ کردیا ، کے الیکٹرک سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ میں بھی صرف ایک شخص کا نام ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی پی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ کے الیکٹرک سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ میں ابراج گروپ سے دوستی کے طور پر عمران خان کا نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابراج گروپ سے کون ملتا رہا، کون فنڈنگ لیتا رہا، وہ وزیراعظم ہے، اس موقع پر حکومتی ارکان نے نفیسہ شاہ کی جانب سے وزیراعظم کا نام لینے پر شدید احتجاج کیا۔

نفیسہ شاہ نے اسمبلی میں کہا کہ پی آئی اے کو حکومت نے تباہ کردیا ہے ، ایک وفاقی وزیر نے قومی ایئرلائن اور پائلٹس کو بدنام کیا ہے جبکہ دیگر ایئر لائنز چل رہی ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ وفاقی وزیرکا بیان درست ہے یا ڈی جی سول ایوی ایشن کا؟ اگر ڈی جی سول ایوی ایشن نے غلط کہا ہے تو انہیں استعفیٰ دینا ہوگا، اگر ڈی جی سول ایوی ایشن کا بیان درست ہے تو وفاقی وزیر ہوا بازی مستعفی ہوں۔

پی پی رہنما کاکہنا تھا کہ وزیر ہوابازی کی غلط بیانی سے پاکستان کی عزت کو نقصان پہنچا ہے، ملک کواربوں کا نقصان ہوا، قومی ایئرلائن پر پابندی لگ گئی۔

نفیسہ شاہ کی تقریر کے دوران حکومتی بینچز سے احتجاج کیا گیا اور علی اعوان نے نفیسہ شاہ کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے پر وہ بات کر رہے ہیں جن میں سے ایک پارٹی نے جہاز اغوا کیا، جبکہ دوسری پارٹی نے جہاز بیچ دیا۔

تازہ ترین