• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزارسے بڑھ گئی، شرح اموات 1.8 فیصد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 26 مریض انتقال کرگئے اور 546 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2019 اور مجموعی کیسز کی تعداد 113553 ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 535 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، جن میں 75 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری اپنے بیان میں مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں اموات کا تناسب 1.8 فیصد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 897 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب تک صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 92934 ہوگئی ہے جو 81 فیصد بحالی کی شرح بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے 7069نئے نمونوں کی جانچ سے 546 نئے کیسز سامنے آئے جو موجودہ تشخیص کی شرح کا8 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 649917 نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے جبکہ 113553 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے جو مجموعی طور پر تشخیص کی 17فیصد شرح کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اس وقت 18600 مریض زیر علاج ہیں جن میں گھروں میں 17824، آئسولیشن سینٹرز میں 64 اور 712 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 546 نئے کیسز میں سے 179 کا تعلق کراچی سے ہے۔

تازہ ترین