مشیرِ خزانہ خیبر پختون خوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا کے پیسے دیگر صوبوں میں خرچ کیے جا رہے ہیں، صوبے کا حق کسی کو نہیں دیں گے۔
مزمل اسلم سے ٹوبیکو کمپنی کے وفد نے ملاقات کی اور صوبائی ایکسائز ڈیوٹی لگانے پر تشویش کا اظہار کیا۔
ٹوبیکو کمپنی کے وفد نے کہا کہ صوبائی ایکسائز ڈیوٹی لگانے سے ڈبل ٹیکسیشن ہو جائے گی۔
مزمل اسلم نے کہا کہ تمباکو پر ایکسائز ڈیوٹی صوبے کا حق ہے جو وفاق کو مل رہی ہے، تمباکو پر پروونشل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کا بل جلد پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کو تمباکو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے مد میں ڈھائی سو ارب روپے کی آمدنی ہو گی، 80 فیصد پیداوار خیبر پختون خوا سے ہے، تمباکو سیس ڈیولپمنٹ کے اضافے سے حاصل آمدنی متعلقہ علاقوں میں خرچ ہو گی۔
مشیرِ خزانہ خیبر پختون خوا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم کمپنیوں اور کاروبار کی ترقی چاہتے ہیں، پروونشل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں حاصل آمدن صحت کے شعبے میں خرچ کی جائے گی۔