اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کاکہنا ہےکہ پی پی پنجاب کے رہنما بزدار حکومت کی نااہلیوں کو عوام میں اجاگرکریں، وفاق میں پی ٹی آئی حکومت کو پنجاب کے 483 ارب روپوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے، عمران خان کے مطابق اگر پنجاب میں کرپشن ختم نہیں ہوئی تو یہ کرپشن کون کررہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاؤس میں اہم اجلاس ہوا جس میں اعتزاز احسن، قمر زمان کائرہ، اسلم گِل، چودھری منظور، حسن مرتضیٰ نے بھی شرکت کی۔شرکاء نے اپوزیشن کو متحد کرنے کے حوالے سے بلاول بھٹو کی کاوشوں کو سراہا جبکہ پیپلزپارٹی کو پنجاب بھر میں سیاسی طور پر مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے کارکنان گھر گھر جاکر عوام کو پی ٹی آئی حکومت کی نااہلیوں سے آگاہ کریں۔