• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز: پاکستانی کمیونٹی نے پہلی مرتبہ مرکزی ٹاؤن ہال میں بیلجیئم کا قومی دن منایا


بیلجیئم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے پہلی مرتبہ دارالحکومت برسلز کے مرکزی ٹاؤن ہال میں بیلجیئم کا قومی دن منایا۔

قومی دن منانے کا اہتمام 1000 برسلز کمیون کے پہلے پاکستان نژاد کونسلر ناصر چوہدری کی وساطت سے کیا گیا تھا۔ جنہوں نے مئیر سے بین الا قوامی طور معروف گراں پیلس (Grand palace)، کی تاریخی گیلری میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد کے جانے کی اجازت حاصل کی تھی۔ وہاں کھڑے ہو کر شرکاء نے بیلجیئم اور پاکستان کے جھنڈے لہرائے۔

بعد ازاں اسی حوالے سے کمیون کے ہال میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان کے ہیڈ آف چانسری شہباز حسین اور برسلز پارلیمنٹ کے ممبران حسن کو یونکو اور ابراہیم دونمیز تھے۔

 قاری انصر نورانی کی تلاوت سے شروع ہونے والی تقریب سے شکیل گوہر، شیخ الیاس، چوہدری افضل، پرویز اقبال لوہسر، شیخ ماجد، عرب گل، قاری شفیق الرحمن، ڈاکٹر اسامہ، آفتاب شاہ، زاہد بھدرو اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ آف چانسری شہباز حسین نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان موجود سفارتی تعلقات کی تاریخ بیان کرتے ہوئے بیلجیئم کے عوام کو قومی دن کی مبارکباد دی۔

انہوں نے کونسلر ناصر چوہدری کی خدمات کو بھی سراہا، جنہوں نے اپنے لوگوں کو مقامی تقریبات میں بھر پور شرکت کرنے کی جانب متوجہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی لئے کہتے ہیں کہ ہر شخص اپنے ملک کا سفیر ہوتا ہے۔  ہیڈ آف چانسری نے اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی اور پاکستانی سفارت خانے میں آنے والے دیگر قومیتوں کے افراد کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی سفارتخانے کے دروازے ہر ایک کیلئے انتہائی محبت سے کھلے ہیں اور سفارت خانہ ہر ایک کی خدمت کیلئے ہر وقت تیار ہے۔

اس موقع پر کونسلر ناصر چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے تمام شرکاء کی آمد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہاں کے مقامی لوگوں کو اپنے عمل سے بتانا ہے کہ یہاں مقیم پاکستانی نژاد افراد اپنے ملک کیلئے ہی نہیں بلکہ اپنے اختیاری ممالک کی بہتری کیلئے بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

تازہ ترین