کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کے ایک مسافر بردار طیارے میں سوار متعدد مسافر شام کی حدود سے گزرتے ہوئے اس دوران زخمی ہو گئے جب پائلٹ نے ایک امریکی لڑاکا طیارے کو دیکھ کر اپنے جہاز کی بلندی میں اچانک تبدیلی کی۔ایرانی جہاز کے پائلٹ کا کہنا ہے کہ اس نے یہ اقدام دونوں جہازوں کو آپس میں ٹکرانے سے بچاؤ کے لیے کیا ہے جب کہ امریکی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کا لڑاکا طیارہ ایرانی جہاز سے محفوظ فاصلے پر تھا۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کا مسافر بردار طیارہ ʼماہان ایئر کا تھا جو جمعرات کو تہران سے بیروت جا رہا تھا۔ایرانی طیارے کے پائلٹ نے مسافر طیارے کی بلندی امریکی ایف 15 طیارے کو دیکھ کر اچانک تبدیل کی جس کے باعث جہاز میں سوار کچھ مسافر جہاز کی چھت سے ٹکرائے اور کئی افراد زخمی ہو گئے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی۔