• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چلاس، سی ٹی ڈی کا ملزمان سے مقابلہ، 5 اہلکار جاں بحق


چلاس کے رونئی محلہ میں ملزمان اور سی ٹی ڈی گلگت کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 5 اہلکار جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے ، فائرنگ سے 2 افراد بھی مارے گئے ہیں، نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی گلگت نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے رات گئے چلاس کے رونئی محلہ میں ایک مکان پر چھاپہ مارا جہاں فائرنگ سے سی ٹی ڈی کا ایک سب انسپکٹر سہراب اور 4 جوان شہید اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ سے 2 افراد بھی مارے گئے۔

ایس پی دیامر شیر خان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی پورے گلگت بلتستان میں کہیں بھی چھاپہ مار سکتی ہے، واقعے کے بارے میں جو بھی حقائق ہوں گے سامنے لائے جائیں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مارے گئے دونوں افراد کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان کاکہنا ہے کہ چلاس میں پولیس پارٹی پر حملہ افسوس ناک ہے، آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

میر افضل خان نے بتایا کہ دہشت گردی کے علاوہ ملزمان اسلحے کا کاروباربھی کرتے تھے، کارروائی پر پولیس کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں، حکومت شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔

تازہ ترین