• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ نے گندم کیلئے سرحد بند کی تو معاملات پیچیدہ ہوجائینگے، شبلی فراز


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کراچی میں بارشوں سے تباہی کے بعد سندھ حکومت ایکسپوز ہو گئی ،ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نے کہا کہ نالوں پر قائم تجاوزات کو صاف کرنا ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے،میزبان شاہزیب نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ شوگرملزمالکان کیخلاف حکومتی ایکشن شروع،FIA نے ٹیم بنا دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ پنجاب میں گندم کی قیمت سندھ سے کم ہے تو گندم اسمگل کیوں ہوگی، پاکستان چار اکائیوں پرمشتمل ہے ہر صوبے کو دوسرے صوبوں کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے، کراچی میں بارشوں سے تباہی کے بعد سندھ حکومت ایکسپوز ہوگئی ہے، خیبرپختونخوا میں اقدامات کے بعد اسمگلنگ کے چانسز بہت کم ہوگئے ہیں، سندھ نے گندم کیلئے سرحدیں بند کردیں تو معاملات پیچیدہ ہوجائیں گے، وفاقی حکومت گندم درآمد بھی کررہی ہے اس کی پہلی شپمنٹ 10اگست کو پہنچ رہی ہے۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نامور صحافی غلط ٹوئٹس کرتے رہے کہ سوشل میڈیا ٹیم کیلئے بغیر کسی اشتہار کے تقرریاں ہوئیں، اس کیلئے تمام چیزیں رولز کے مطابق ہوئیں اور اخبارات میں اشتہارات دیئے گئے، ان صحافیوں کو اخلاقی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹس پر معذرت کریں، ہمیں بہترین لوگ لینے ہیں ان کا تعلق چاہے ن لیگ سے ہو یا پی ٹی آئی سے ہو۔ شبلی فراز نے کہا کہ سوشل میڈیا ٹیم میں تمام تقرریاں میرٹ پر ہوئی ہیں، سات لوگ منتخب کیے ان میں ایک پی ٹی آئی کا ہے، اسے بھی پی ٹی آئی کا ہونے کی وجہ سے ہائر نہیں کیا گیا ، ہماری پارٹی میں تو لوگوں کو گلہ ہے کہ انہیں کہیں اکاموڈیٹ نہیں کیا گیا، پاکستان کوا ندرونی سے زیادہ بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، وزارت اطلاعات ابھی تک ملک کے اندر دیکھ رہی تھی جبکہ دشمن ملک سے باہر ہیں، آرگنائز ڈ سوشل میڈیا سیل بنانا چاہتے ہیں جس کے ذریعہ بیرونی حملوں پر کاؤنٹر اٹیک کریں اور ان کی جعلی خبروں کا اثر زائل کرسکیں، سوشل میڈیا سیل کے ساڑھے چار کروڑ روپے کے بجٹ میں آلات کے ساتھ پورے سال کی تنخواہیں بھی شامل ہیں۔ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے کراچی میں نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے، ایف ڈبلیو او تین نالوں کی صفائی کررہی ہے، ضلع وسطی میں گرین لائن منصوبے نے پانی کے اخراج کیلئے لائن کو بلاک کردیا ہے اس کا متبادل بنایا جارہا ہے، حالیہ بارشوں میں جہاں بھی پانی کھڑا ہوا عملے نے اس کی نکاسی کی ذمہ داری نبھائی، بارش کے بعد کچھ علاقوں سے چند گھنٹوں میں پانی نکال لیا گیا تھا، نالوں پر قائم تجاوزات کو صاف کرنا ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل پر بیان بازی نہیں ہونی چاہئے ، وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے، وزیراعلیٰ ہاؤس میٹنگ میں سندھ حکومت کے افسران، صوبائی وزراء، کور کمانڈر کراچی، ایف ڈبلیو اواور چیئرمین این ڈی ایم اے بھی تھے، اس میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ سب کومل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین