• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

AJK DISCO کی تشکیل، حکومت نے منصوبے پر کام شروع کردیا

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکومت نے آزاد جموں کشمیر الیکٹریسٹی ڈسٹریبیوشن کمپنی ( اے جے کے ڈسکو) تشکیل دینے کیلئے اپنے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا ہے۔ تاہم اے جے کے ڈسکو کی مشابہت ایک بڑے صارف کی حیثیت سے ہوگی جو ملک کی تین ڈسکوز جیسے کہ آئیسکو، پیسکو اور گیپکو سے بجلی خریدے گی۔ اے جے کے ڈسکو نیپرا کے دائرہ اختیار میں جائے گی اور ریگولیٹر ٹیرف کا تعین کرے گااور اس طرح اے جے کے بجلی کی تقسیم نیپرا کے قواعد و ضوابط کے تحت آجائے گی۔ حکومت نے مارچ 2019 میں ای سی سی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلے کی روشنی میں اے جے کے ڈسکو کی تشکیل پر اپنے کام کا آغاز کردیا ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ وزارت توانائی اے جے کے ڈسکو تشکیل دینے کے حوالے سے اے جے کے الیکٹریسٹی ڈپارٹمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اے جے کے کیلئے بجلی ٹیرف اس وقت فی یونٹ 5.79 روپے ہے جو سبسڈی والا ہے اگر ملک میں تمام ڈسکوز کے ٹیرفس کا مقابلہ کیا جائے۔ اس سے پہلے ٹیرف 2.59 روپے تھا جسے بڑھا کر 5.79 روپے فی یونٹ کردیا گیا۔ ملک میں دیگر ڈسکوز کی طرح اے جے کے ڈسکو اپنے نرخ کے حصول کے لئے نیپرا کے پاس اپنی درخواست جمع کراسکے گی۔

تازہ ترین