• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میوچل لیگل اسسٹنس بل پارلیمانی اجلاس سے منظور کرانے پر اپوزیشن کا اتفاق

اسلام آباد (طارق بٹ) اپوزیشن نے میوچل لیگل اسسٹنس بل (ایم ایل اے ) آج جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ ایوان سے منظور کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ اس بات کا دعویٰ وزیر اعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق یہ انتہائی اہم قانون ہے جو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش ہونے جا رہا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق بھی ایک اہم بل بھی پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ تقریباَ ایک درجن بل سینیٹ سے منظوری کے منتظر ہیں۔ بابر اعوان کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ایک ہموار معاملہ ہوگا۔ تاہم کوئی متنازع بل پیش کئے جا نے کی صورت سخت عددی مقابلے کا بھی امکان ہے۔ اپوزیشن کے چند ارکان نے خدشہ ظاہر کیاہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو ختم کر کے پاکستان میڈیکل کونسل کے قیام کا بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لایا جا سکتا ہے۔ بابر اعوان کا کہنا ہے کہ پارلیمانی مشترکہ اجلاس کا ایجنڈا تیار کرلیا گیا ہے ۔جو بڑا واضح ہے کہ اجلاس میں 13 بل پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ اور پیر کو اپنے اجلاس کے بعد قومی اسمبلی آئینی بحران پر قابو پا نے کے حوالے سے رواں پارلیمانی سال میں اپنا مصروف شیڈول مکمل کرلے گی۔ مشیر پارلیمانی امور کے مطابق سینیٹ کی دو درجن قائمہ کمیٹیاں ہیں جن پر قومی خزانے سے خطیر رقم خرچ ہو تی ہے لیکن انہوں نے ابھی تک کوئی خاطر خوا دستور سازی نہیں کی ہے۔ بابر اعوان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ساتھ مل کر طے کیا ہے کہ محرم الحرام کے بعد پارلیمنٹ کا اجلاس ہو گا جس سے صدر عارف علوی سالانہ خطاب کریں گے۔3 ستمبر سے قومی اسمبلی کا 12 روزہ نیا سیشن شروع ہوگا۔ دریں اثنا بدھ کو اپنی عددی موجودگی کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں یقینی بنانے کے لئے کوششوں میں مصروف رہے تاکہہندسوں کے کھیل میں کسی عددی ہزیمت کا سامنا نہ کر نا پڑے۔ اپوزیشن رہنما مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال نے کہا کہ انہیں اجلاس کے ایجنڈے کا کوئی علم نہیں ہے اور جب تک ایجنڈا مل نہیں جاتا کوئی ردعمل بھی ظاہر نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے تحت مطلوب قانونی تقاضوں سے متعلق بل قومی اسمبلی اورسینیٹ دونوں سے پہلے ہی منظور ہوچکے ہیں۔ جس کی ملکی اور قومی مفاد میں حمایت کی گئی۔ تاہم ایک سینئر اپوزیشن سینیٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حکومت جو اہم ترین بل منظور کرنا چاہتی ہے وہ میوچل لیگل اسسٹنس (ایم ایل اے)سے متعلق ہے اور اپوزیشن کو اس پر کوئی اعتراض بھی نہیں ہے۔

تازہ ترین