• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتضٰی وہاب کا ضلع جنوبی کے علاقوں کا دورہ، نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ


ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے جمعرات کی شام بارش شروع ہوتے ہی کراچی کے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی، میونسپل کمشنر ضلع جنوبی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا، اس دوران انہوں نے واٹر بورڈ اور کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے حکام سے بھی رابطہ کیا اور رین ایمرجنسی کے حوالے سے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا اور ضروری ہدایات دیں۔

بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے شہر خصوصاً ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں مسلم جیم خانہ، آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، ٹاور، ریگل نالہ، صدر اور دیگر مقامات کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا کہ بلدیاتی عملہ، ضلعی انتظامیہ اور تمام ادارے اپنا کام بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع نہیں ہونا چاہیے۔

نشیبی علاقوں سے جنریٹرز اور دیگر مشینری کے ساتھ نکاسی آب کا کام جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل کا آغاز ہوگیا ہے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق موسلا دھار بارش کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہوا ہے جو آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہیگا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ کے تمام اضلاع میں وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔

بیرسٹر مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ مون سون کا موجودہ سسٹم خاصا توانا ہے کراچی کے نالوں کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے شہر کے نالے سندھ حکومت کے تحت نہیں ہیں۔ تمام نالے کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے تحت ہیں۔ تاہم اس کے باوجود سندھ حکومت یہ ذمہ داری نبھا رہی ہے۔ شہر کے تین بڑے نالے جن میں گجر نالہ اور دو کنٹونمنٹ کے نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کررہی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

 بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا کہ بارشوں کے موجودہ سسٹم کی وجہ سے دو روز قبل بھارتی شہر ممبئی میں بڑی تباہی ہوئی ہے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی استعداد کے مطابق شہریوں کی بہتری کے لئے بارش کے پانی کی نکاسی کا کام کررہے ہیں، میں تمام بلدیاتی عملے کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو گندے نالوں سے عرصہ دراز سے پھنسائے گئے پتھر، تاروں کے جال اور دیگر بھاری اشیاء کو نکال رہے ہیں تاکہ بارش کا پانی بلارکاوٹ نالوں سے گزر جائے۔

تازہ ترین