کراچی کے علاقے کورنگی گلزار کالونی میں ایک آوارہ کتے نے گلی میں کھیلتے ہوئے دو سالہ بچے پر حملہ کر کے اسے بھنبھوڑ ڈالا، رفاعی اسپتال کے ڈاکٹرز نے فوری آپریشن کرکے بچے کی آنکھ بچالی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق واقعہ کورنگی کی گلزار کالونی کے ایف ایریا میں پیش آیا جہاں محنت کش عمرجان کا دو سالہ بچہ کلیم اللّٰہ گلی میں کھیل رہا تھا کہ آوارہ کتے نے اچانک حملہ کردیا۔
مکینوں کے مطابق کتے نے بچے کا چہرہ نوچ ڈالا، کتے کے پے درپے حملوں کی زد میں آئے بچے کو ایک علاقہ مکین نے بچانے کی کوشش کی تو خونخوار کتے نے اسے بھی کاٹ لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فرار ہونے کے دوران کتے نے ایک بچی پر حملہ کر کے اسے بھی زخمی کر دیا، کتے کے حملے سے دو سالہ کلیم اللّٰہ کی ایک آنکھ شدید زخمی ہوئی اور آنکھ کے ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
اہل خانہ نے اپنے طور پر کورنگی میں واقع نجی اسپتال لے جا کر مرہم پٹی کرائی مگر بچے کی آنکھ خراب ہو رہی تھی، دو سالہ کلیم اللّٰہ کی بری حالت میں زخمی ہونے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو درد دل رکھنے والے کچھ افراد نے اپنے طور پر اس کی مدد کی۔
تصویر کے ساتھ بچے کے والد کی اپیل پر کراچی کے کچھ درد دل رکھنے والے افراد فوری حرکت میں آئے، بچے کے والد کو ایل آر بی ٹی اسپتال آنے کا کہا گیا مگر اس کے پاس رکشے کا بھی کرایا نہیں تھا۔
جس پر فیصل نامی ایک نوجوان نے بچے کے والد کو رکشے میں بیٹھ کر اسپتال پہنچنے کا کہا اور خود اس کا انتظار کیا، جوں ہی والد بچے کو لے کر وہاں پہنچا رکشے کا کرایہ ادا کیا گیا اور پہلے سے تیار ڈاکٹرز نے بچے کو فوری طبی امداد دی۔
ڈاکٹر نے بچے کی آنکھ کا آپریشن کیا اور اسے محفوظ قرار دے کر بچے کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا۔
بچے کو مزید طبی معائنے کے لیے پیر کو اسپتال کی او پی ڈی میں بلوایا گیا ہے۔