• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ذوالقرنین خان کا مستعفی ہونے کا فیصلہ


چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ذوالقرنین خان نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے اور کہا ہے کہ کرپشن روکنے کے ایگزیکٹو اختیارات نہیں، بہتر ہے مستعفی ہو جاؤں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالقرنین خان نے کہا کہ اپنا استعفیٰ لکھ کر رکھ لیا ہے، وزیراعظم سے ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے، پیر یا منگل کو وزیرِاعظم سے ملاقات کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ میرے پاس کرپشن روکنے کے ایگزیکٹو اختیارات نہیں ہیں، لہٰذا بہتر ہے کہ میں مستعفی ہو جاؤں۔

چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز نے کہا کہ کرپشن پر بات کی تو ایم ڈی اور حکام وزارتِ صنعت و پیداوار مخالف ہو گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان پر دباؤ ڈالنے کے لیے الزامات لگائے گئے، تاہم وہ اپنے اوپر الزمات نہیں لگنے دیں گے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت صعنت و پیداوار نے چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن بورڈ سے مختلف الزامات کے معاملے پر جواب طلب کرلیا۔

چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز سے کارپوریشن میں اپنی آئی ٹی کمپنی کو ٹھیکہ دینے، اپنے ایک رشتہ دار کو کارپوریشن بورڈ میں ڈائریکٹر رکھوانے اور اخراجات پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز نے خط ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے الزامات کی تردید کی ہے۔

تازہ ترین