• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
راچڈیل (نمائندہ جنگ)نارتھ انگلینڈ کے علاقے لنکا شائر میں پندرہ یوم کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں 3گنا اضافہ سامنے آنے پر پریسٹن سٹی میں آج سے لاک ڈائون نافذ کیا جا رہا ہے ۔محکمہ صحت کے سربراہان نے خبردا رکیا ہے کہ پریسٹن میں لاک ڈائون کے نتیجے میں 1لاکھ 40ہزار افراد پابندیوں کا سامنا کر یں گے جس سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے اگر رہائشیوں نے قوانین کی پابندی نہ کی تو ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابوپانے کیلئے شہریوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیے معاشرتی دوری اور نقل وحمل میں کمی ہی وائرس کا پھیلائو روکنے میں معاون ثابت ہوںگی۔ تفریحی مقامات ‘ شاپنگ پلازہ جات ‘ پب ریستوران سمیت گھروں میں بھی ہر طرح کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔ سیکرٹری صحت میٹ ہینکوک نے اعلان کیا ہے کہ گریٹر مانچسٹر اور لنکا شائر سمیت ویسٹ یارکشائر کے بعض حصوں میں کورونا وائر س کا مقابلہ کرنے کیلئے قواعدو ضوابط پر سختی سے عمل پیرا ہونا ناگزیر ہے کیونکہ مذکوہ علاقوں میں کورونا وائرس کی شرح میں کوئی قابل قدر کمی نہیں دیکھی گئی۔ لیسٹر شہر میں گھریلو اجتماعات پر بھی مکمل پابندی عائد ہے لیسٹر مقامی طو رپر برطانیہ کا پہلا شہر ہے جہاں انفیکشن بڑھتے ہی دوبارہ لاک ڈائون کیا گیا ۔مجموعی طور پر برطانیہ میں لاک ڈائون میں نرمی کے بعد معمولات زندگی بحال ہو رہے ہیں تاکہ بعض علاقوں میں انفیکشن کے خطرات کے پیش نظر دوبارہ لاک ڈائون کیا جا رہا ہے بریڈ فورڈ اور سوئڈن کو بھی لاک ڈائون واچ لسٹ میں شامل کر لیا گیا جس سے مقامی رہائشیوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔قصبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کے انکشاف کے بعد مڈلز برو میں ایک موبائل ٹیسٹنگ یونٹ بھی قائم کیا گیا ہے مڈلز برو کونسل کی طرف سے گزشتہ روز کورونا وائرس کے متاثرین کی نشاندہی کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ 25جولائی سے ٹیکسی کا استعمال بند کیا جا چکا ہے ٹیکسی کمپنی سے مسافروں کی مکمل تفصیلات بھی حاصل کی گئیں پی ایچ ای کے تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق مڈلز برو میں ہر ایک لاکھ کی آبادی میں کورونا وائرس کی شرح سات یوم کے دوران بڑھی 28جولائی سے4اگست تک یہ شرح 3.5فیصد سے بڑھ کر12.1فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔
تازہ ترین