• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی،عبدالباسط خان

دی ہیگ (نمائندہ جنگ) 5اگست یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے کشمیر ہائوس دی ہیگ میں مقبوضہ کشمیر میں مسلسل ایک سال سے لاک ڈائون، جبر و تشدد نہتے کشمیریوں کے ساتھ بھارتی افواج کے ظلم و ستم کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کا آغاز قرآن پاک سے کیا گیا، تقریب میں نظامت کے فرائض کشمیر پیس فورم کے سیکرٹری جنرل راجہ فاروق حیدر نےانجام دیئے جب کہ صدارت کشمیر پیس فورم ہا لینڈ کے صدر راجہ زیب خان نے کی۔ تقریب میں بچوں اور خواتین نے بھی شرکت کی، اس موقع پر بھارتی افواج کی بربریت کا شکار ہونے والے کشمیریوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر عبدالباسط خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے خون سے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا۔ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ کشمیر پیس فورم کے نائب صدر راجہ قمر زیب نے کہا کہ عرصہ دراز سے ہندوستانی افواج نے کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار بنایا ہوا ہے، عالمی دنیا کی بے حسی قابل افسوس ہے، آخر عالمی طاقتیں کس وقت کا انتظار کررہی ہیں۔کشمیر پیس فورم ہالینڈ کے صدر راجہ زیب خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھارت غیر قانونی سلوک کررہا ہے، وہ کشمیر کی داستان غم سناتے سناتے آبدیدہ ہوگئے ، انہوں نے کہا کہ کب تک یہ ظلم و ستم جاری رہے گا۔ راجہ زیب خان نے کہا کہ ہمارا ملی اخلاقی دینی یہ فریضہ بنتا ہے کہ ہم جہاں رہ رہے ان ایوانوں میں کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے مظالم سے آگاہ کریں۔کشمیر پیس فورم ہا لینڈ کے سیکرٹری جنرل راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ اس وقت یو این او کے ایجنڈے پر مسئلہ کشمیر سب سے پرانا حل طلب مسئلہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہی ہے اور دنیا تماشائی بنے بیٹھی ہے۔ انہوں نے شہدائے کشمیر کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لیے فاتحہ خوانی کرائی اور کہا کہ ہم سب کو اپنے حصے کا چراغ چلاکر یورپی ایوانوں میں مظلوم کشمیریوں کی آواز کو پہنچانا ہوگا۔ اس موقع پر آزادی کشمیر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی پاکستان کے استحکام و ترقی خوشحالی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔
تازہ ترین