پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا اقلیتوں سے متعلق کہنا ہے کہ پی پی پی اقلیتوں کے مساوی حقوق کے لیے مساوات و جمہوری معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اقلیتوں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی تا کہ پاکستان میں ہر شہری اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزار سکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی قائداعظم کے اُس تصور کی حقیقی وارث ہے جس کا اظہار انہوں نے 11 اگست کے خطاب میں کیا تھا، یہ ہی وہ نظریہ تھا جو 1973ء کے آئین کی روح ہے، 1973ء کے آئین میں اقلیتوں کو مساوی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے، 1973ء کا متفقہ آئین پاکستانی قوم کے لیے ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم شہید بھٹو کا تحفہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کو با اختیار بنانا پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق و بہبود کے لیے عملی اور انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیراعظم اقلیتوں کے مسائل کے حل و بہبود کے لیے علیحدہ وزارت قائم کی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری نے اقلیتوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 11 اگست کو قومی دن کے طور پر منانے کا آغاز کیا، پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ سمیت تمام حکومتی اداروں میں اقلیتوں کی مناسب نمائندگی کو یقینی بنایا، پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کا کردار اور قربانیاں طویل، شاندار اور تاریخی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقلیتوں کا یہ کردار و قربانیاں ہمارے اجتماعی فخر کا سبب ہیں، آج ہم سب کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ مختلف مذاہب کے پیروکار ہونے کے باوجود، ہم سب ایک قوم ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عہد کریں کہ ہم پاکستان میں رواداری ، ہم آہنگی ، اتحاد اور خوشحالی کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کمزور اور پسماندہ طبقات کے لیے آہنی قلعہ بن کر رہے گی، پی پی پی قیادت اپنے کارکنان کے ساتھ مل کر ہر صورت میں پسماندہ طبقات کی لڑائی لڑتی رہے گی۔