• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول انتظامیہ سے تعاون، فوج مطمئن، کورونا، سیلاب، ٹڈی دل سے نمٹنے میں فوج کا کردار قابل تعریف، کور کمانڈرز، محرم میں چوکس رہنے کی ہدایت

کورونا، سیلاب، ٹڈی دل سے نمٹنے میں فوج کا کردار قابل تعریف، کور کمانڈرز


راولپنڈی(اے پی پی‘این این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا اور ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سول انتظامیہ سے تعاون اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کورونا سے بچاؤکیلئے ایس اوپیزپر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔

سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہرممکن احتیاطی تدابیر اختیارکی جائیں، محرم میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کرضروری اقدامات کیے جائیں، محرم کے دوران چوکس رہتے ہوئے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے اور عوام کی سکیورٹی اور تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا 234واں اجلاس جی ایچ کیو میں ہوا۔ اجلاس میں جیو اسٹرٹیجک اور قومی وعلاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

منگل کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق فورم میں کنٹرول لائن کی صورتحال، پاک افغان سرحد اور اندرونی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فورم نے افغان مفاہمتی عمل پر پیشرفت کو سراہا اور بین الافغان مذاکرات کے جلد انعقاد کی امید ظاہر کی۔ 

جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کی آپریشن تیاریوں کو سراہا اور کورونا وبا‘سیلاب اور ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کے لئے سول انتظامیہ کی مدد کے لئے پاک فوج کے کردارکی تعریف کی ۔

آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ کورونا وبا سے بچاؤ کے لئے رہنما اصولوں پر عملدرآمد کے ساتھ محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ سے مل کر عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لئے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ 

بری فوج کے سربراہ نے بلوچستان اور سندھ بالخصوص کراچی میں شہری علاقوں میں حالیہ سیلاب کے دوران جوانوں کے بروقت اور موثر ردعمل کو سراہا۔ 

چیف آف آرمی سٹاف نے موجودہ سیلابی صورتحال کے تناظر میں موثر اقدامات کرنے اور چوکس رہنے پر زور دیا۔

تازہ ترین