• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعمیرات، چھوٹی و درمیانی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیرات، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِ صدارت تعمیرات کے شعبے سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وزیرِ بحری امور علی زیدی اور وزیرِ ریلوے شیخ رشید شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ اور چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں بریفنگ  کے دوران بتایا گیا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے۔

اس میں یہ بھی بتایا گیا کہ کورونا کی وجہ سے نہ صرف علاقائی بلکہ دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ بہتر حکمت عملی کی بدولت کورونا کے نقصانات کو ممکنہ حد تک روکا گیا، کورونا میں کمی آنے کے بعد ملک میں معاشی سرگرمیاں زور پکڑ رہی ہیں۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کاروباری برادری کی جانب سے بھرپور اعتماد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعمیرات، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان دونوں شعبوں سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کاروباری برادری کی سہولت کاری کے لیے کوشش جاری رکھے گی۔

تازہ ترین