• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راشد منہاس کا آج 49 واں یوم شہادت


پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس نشان حیدر کا آج 49 واں یوم شہادت ہے، راشد منہاس نے 20 اگست 1971 کو جام شہادت نوش کر کے دشمن کی سازش ناکام بنائی تھی اور نشان حیدر پانے والے کم عمر ترین پائلٹ ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

پائلٹ آفیسر راشد منہاس نشان حیدر کے 49 ویں یوم شہادت پر جاری پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں فرض کی ادائیگی میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید ، نشان حیدر کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، مادر وطن کے لیے شہید راشد منہاس نےپاک فضائیہ کی عظیم روایات کو برقرار رکھا۔

راشد منہاس، 17فروری 1951ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کرنے کے بعد 1968ءمیں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی جوائن کی اور 1971 ءمیں 51ویں جی ڈی پی کورس میں کمیشن حاصل کیا۔

20اگست 1971 ءکو راشد منہاس ٹی 33 جیٹ ٹرینر میں سولو فلائٹ کے لئے روانہ ہوئے، ٹیکسی کرتے ہوئے جب ان کاجہاز رن وے پر پہنچا تو انسٹرکٹر پائلٹ نے انہیں رُکنے کااشارہ کیا، جہاز روکنے پر انسٹرکٹر پائلٹ نے جہاز کا کنٹرول حاصل کرنےکےلئے عقبی کاک پٹ میں جانے لئے مجبور کیا اور جہازکے ٹیک آف کرتے ہی اس کا رُخ بھار ت کی جانب موڑ دیا۔

طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کےلئے راشد منہاس سے جسمانی کش مکش بھی ہوئی، اس دوران جہاز بھارتی سرحد کےقریب پہنچ چکا تھا، یہ جانتے ہوئے کہ پاکستان کی عزت ان کی زندگی سے زیادہ ہے، راشد منہاس نے جان بوجھ کر جہاز کا رُخ زمین کی جانب موڑ دیا، بھارتی سرحد سے 51کلومیٹر کے فاصلے پر ٹھٹھہ کے قریب جہاز گر کر تباہ ہوگیا۔

راشد منہاس کو 21اگست 1971 ءکو کراچی کے آرمی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا، راشد منہاس کو ان کی بہادری اور وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا، وہ نشان حیدر کا اعزاز پانےوالے کم عمر ترین پائلٹ ہیں۔

تازہ ترین